تازہ تر ین

اربوں کی سرمایہ کار نااہلی کی بھینٹ, وزیراعلیٰ کا بڑا حکمنامہ جاری

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ملتان کے بعض اہم امور اور چلڈرن ہسپتال ملتان کی نئی عمارت کو مکمل طورپر فنکشنل کرنے کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر کے جدید ہسپتال بنائے گئے ہیں اوران ہسپتالوں میں مریضوں کو ہر لحاظ سے وہ طبی سہولتیں ملنی چاہئیں جو ان کا حق ہے۔ میری زندگی کی ہر سانس دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف ہے اور مجھے صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے صرف نتائج چاہئیں۔ میں کسی کو دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ملتان میں قوم کے خون پسینے کی کمائی سے جدید مشینری نصب کی گئی ہے اور اس مشینری سے پوری طرح استفادہ نہ کرنا افسوسناک امر ہے۔ ہسپتالوں میں ہر ضروری مشین موجود ہے لیکن کمی ہے تو صرف دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کی۔ اسی طرح ہسپتالوں میں مفت ادویات کی دستیابی کے بارے میں مریضوں کی جانب سے شکایات کا بار بار سامنے آنا کسی طرح بھی قبول نہیں۔اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو خواب غفلت سے جاگنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال ملتان کی نئی عمارت جنوبی پنجاب کے عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بنائی گئی ہے لیکن عمارت بننے کے بعد اسے فنکشنل کرنا بھی متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔ ہسپتال کیلئے جدید مشینری اور آلات بھی آچکے ہیں لیکن وہ ڈبوں میں بند ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے ار بوں روپے کی سرمایہ کاری کے ثمرات ہر صورت مریضوں تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چلڈرن ہسپتال ملتان کی نئی عمارت کو جلد فنکشنل کرنے کے لئے ماہرین پر مشتمل ٹیم خود ملتان جا کر جائزہ لے اور چلڈرن ہسپتال کی نئی عمارت کو جلد سے جلد فعال بنانے کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ صوبے کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں۔ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کو نا اہلی ، غفلت یا کوتاہی کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ ہسپتالوں میں معیاری علاج معالجہ مریضوں کا حق ہے اور میں ہسپتالوں میں صحت عامہ کی جدید سہولتوں کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ میں اسی وقت مطمئن ہوں گا جب مریض ہسپتالوں میں ملنے والی سہولتوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے۔ پاکستان کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سی پیک کے تحت 54 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے راستے کھلے ہیں۔ سی پیک گیم چینجرہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی اہمیت کے اس شاندار منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سی پیک کے تحت لگنے والے منصوبوں سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے دوست خوش اور دشمن پریشان ہے۔ عوام کی ترقی کے اس شاندار منصوبے کی مخالفت کرنے والے عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دھرنا گروپ کی منفی اور انتشار کی سیاست کے باعث اس اہم سرمایہ کاری میں کچھ تاخیر ہوئی۔ سی پیک کی طرح ان عناصر کو لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد پر بھی تکلیف ہوئی کیونکہ یہ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے اور عوام کے مسائل حل ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب 2013ءمیں مسلم لیگ (ن )اقتدار میں آئی تو معیشت کا دیوالیہ نکل چکا تھا۔سابق حکمرانوں کی کرپشن ، لوٹ مار اور اقرباپروری کی پالیسیوں سے ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کی پالیسیاں نتیجہ خیز ثابت ہوئیں اور آج کا پاکستان 2013ءکے مقابلے میں کہیں بہتراور معاشی طور پر مضبوط ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پولیس نے فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاﺅن میں معمولی تنازعہ پر 14 سالہ لڑکے کو قتل کرنے والے ملزم امان اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر جلال الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں پیر جلال الدین کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیصل آباد کے علاقہ پیپلز کالونی میں اپنی جان پر کھیل کر میڈیکل سٹور میں ڈکیتی ناکام بنانے والے سکیورٹی گارڈ کی بہادری کی تعریف کی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain