کراچی(شوبز ڈیسک ) علی زیب آرٹ سوسائٹی پاکستان کے تحت علی زیب ہاﺅس ملیر میں محمد علی کے فینز امیر احمد ناز، مختار شیخ، غنی شیخ ودیگر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ملک کے اس عظیم اداکار کے نام پر شاہراہوں کے نام رکھے جائیں ان کی فنی ، سماجی و ادبی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اس موقع پر زیبا بیگم نے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا علی کے مداحوں کی مشکور ہوں کہ وہ ان تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں اورہمیں بھی یاد رکھتے ہیں۔ حنیف راجہ نے کہامحمدعلی کے جانے کے بعد پاکستان فلم انڈسٹری یتیم ہوگئی۔چیئرمین محمد منظور بیگ نے کہا علی بھائی کی فنکارانہ و سماجی خدمات نے 11 برس بیت جانے کے باوجود بھی ان کو لوگوں کے دلوں میں زندہ رکھاہوا ہے۔ وائس چیئر مین رحیم گھانچی نے کہا لوگ فنکاروں کو ان کی زندگی میں فراموش کردیتے ہیں لیکن محمد علی ان خوش نصیب فنکاروں میں شامل ہیں جن کیلئے لو گ سال میں دو بارخاص طور پر تقریبات منعقد کرتے ہیں۔