تازہ تر ین

عمران خان نے کے پی کے کیلئے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک کے سر براہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں آئندہ مالی سال کا تعلیمی بجٹ 139 ارب روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک قوم بنانے کے لئے ہمیں مختلف نظام تعلیم ختم کرنا ہو گا، کرپشن کا جو پیسہ پکڑیں گے وہ تعلیم پر لگایا جائے گا، پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم کو آپشن نہیں بلکہ لازمی قرار دیا جانا چاہئے، تعلیم کے شعبے میں خیبر پختونخوا کو پورے ملک کیلئے مثال بنائیں گے ،ماضی میں ایم این اے کے کوٹے پر چائے بنانے والا بھی ٹیچر بھرتی ہو جاتا تھا، میری ماں پڑھی لکھی نہ ہوتی تو میں کبھی نہ پڑھ پاتا، 22 لاکھ بچے دینی، 8 لاکھ انگلش میڈیم اور سوا تین کروڑ بچے سرکاری سکولوں میں پڑھ رہے ہیں۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں خیبر پختونخوا حکومت کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا میں تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، آسٹریلیا کے قائم مقام ہائی کمشنر جیورک یوسٹک ، یورپی یونین اور یو کے ایڈ سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے خیبر پختونخوا میں پرائمری سطح پر بالخصوص بچیوں میں تعلیم کے حصول کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ کے پی کے میں 70فیصد نئے سکول بچیوں کی تعلیم کے لئے بنائے جا رہے ہیں، پاکستان میں ساٹھ فیصد لوگ نوجوان ہیں، ایک قوم بنانے کے لئے تین مختلف نظام تعلیم ختم کرنا ہو گا جبکہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں تعلیم کو نمبر ون ایجنڈے میں لانا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں چالیس ہزار اساتذہ کو میرٹ پر تعینات کیا گیا جبکہ ماضی میں سیاسی بھرتیوں نے صوبہ میں تعلیم کے عمل کو بری طرح متاثر کیا کیونکہ ایسے لوگ تنخواہیں حکومت سے لیتے ہیں اور کام کہیں اور کرتے ہیں جبکہ ہم کرپشن کا جو پیسہ پکڑیں گے وہ تعلیم پر لگایا جائے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سوا دو کروڑ بچوں کا سکولوں سے باہر ہونا تشویشناک امر ہے ، پڑھی لکھی ماں کا کردار معاشرے میں اہم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم اقتدار میں آئے تو اس وقت صوبہ کا تعلیمی بجٹ صرف 61ارب تھا جس پر ہم نے توجہ دی اور آئندہ مالی سال میں تعلیمی بجٹ کو 139ارب روپے تک لیکر جایا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم خیبر پختونخوا میں تعلیم کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں ، خیبر پختونخوا میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی ہے ساتھ صوبہ میں پولیس میں ریفارمز کی گئیں، وزیر اعلی نے کہاکہ حکومت ہر سطح پر اسکولوں میں بہتری کے لیے اقدمات اٹھا رہی ہے، اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،کے پی کے میں کسی ایک اسکول میں کوئی بچہ کرسی میز کے بغیر نہیں بیٹھاجبکہ کوشش کر رہے ہیں کہ بچوں کو پرائمری سے ہی انگریزی کی تعلیم دی جائے۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اسکولوں کو عالمی معیار کے مطابق بنا رہے ہیں، 33ہزار بچے پرائیویٹ سکولز چھوڑ سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل ہوئے جبکہ خیبر پختونخوا کی شرح خواندگی تمام صوبوں سے زیادہ ہے۔ خیبر پختونخوا کے تعلیمی بجٹ میں موجودہ حکومت کے دور میں 128فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال دسویں کلاس تک پڑھنے والی 4لاکھ 43ہزار بچیوں کو وظائف دیئے گئے تاکہ وہ تعلیم کے عمل کو جاری رکھ سکیں ، اس عمل میں 1.36ارب روپے مختص کئے گئے۔ رواں سال زیر تعلیم مزید 4لاکھ 55ہزار بچیوں کو وظائف دیئے جائینگے جن پر 1.34ارب روپے کے اخراجات آئیں گے۔صوبائی بجٹ کا 23فیصد تعلیم پر خرچ کر رہی ہےں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain