کراچی(کورٹ رپورٹر )سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل کی حکم امتناع ختم کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک حتمی فیصلہ نہ ہوجائے اے ڈی خواجہ کام جاری رکھیں۔ سندھ ہائیکورٹ میں آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے برطرفی سے متعلق سندھ کابینہ کے فیصلے سے آگاہ کیا،ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ اے ڈی خواجہ کے حوالے سے حکم امتناع ختم کیا جائے۔جس پر عدالت نے حکم امتناع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک حتمی فیصلہ نہ ہوجائے اے ڈی خواجہ کام جاری رکھیں،عدالت نے کہا کہ کابینہ اجلاس کی تفصیل اور ایجنڈا بتایا جائے،سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 11اپریل تک ملتوی کردی،آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل دلائل دیں گے۔ دریں اثناءڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے امروز سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا اور انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ اے ڈی خواجہ سے ملاقات کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت جرائم کے خلاف جاری کراچی آپریشن پر مختلف حوالوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
