تازہ تر ین

دہشتگردوں کیخلاف کاروائیاں, راحیل شریف کا کریڈٹ, کپتان کا بڑا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ محمد زبیر کو شریف فیملی کی خدمات اور کرپشن میں دفاع کرنے پر گورنر سندھ بنایا گیا تاہم افسوس ہے کہ وہ خوشامد میں کچھ زیادہ ہی آگے نکل گئے، پوری قوم جانتی ہے کہ جنرل راحیل شریف کے کامیاب آپریشن سے دہشتگردی میں کمی آئی اور حالات بہتر ہوئے جنرل راحیل سے پہلے بھی تو جنرل آئے وہ تو ایسا نہ کر سکے اس لئے حکومت کبھی بھی دہشتگردی کیخلاف کامیاب کارروائی اور کراچی میں امن بحال کرنے کا کریڈٹ جنرل راحیل سے نہیں لے سکتی۔ نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم تو کپتان ہوتا ہے تمام ادارے اس کی ٹیم ہوتے ہیں اگر ٹیم کا کوئی رکن بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے تو اس کی تعریف کی جاتی ہے نہ کہ اس کا کریڈٹ بھی چھیننے کی کوشش کی جائے۔ تمام ادارے ملک کیلئے کام کرتے ہیں تاہم فوج اس حوالے سے ایک قدم آگے ہوتی ہے کہ وہ جان کی قربانیاں دیتی ہے۔ کسی بھی ملک کے سربراہ کا کام تو یہ ہوتا ہے کہ اگر اس کی فوج 10 فیصد کام کرے تو وہ اسے 100 فیصد بتاتا ہے کیونکہ اس سے مورال بلند ہوتا ہے، موجودہ حالات میں گورنر سندھ کا بیان انتہائی افسوسناک ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے ایک پوائنٹ کا بڑی بحث کے بعد اتفاق ہوا تھا کہ کسی گروپ کو مسلح رہنے اور آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، پنجاب میں مسلح گروہ موجود ہیں ان کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کرنے دی جاتی، کیوں یہاں رینجر کو آپریشن نہیں کرنے دیا جاتا جبکہ کی پی کے، کراچی، بلوچستان میں آپریشن کئے گئے۔ ن لیگ پانامہ سے توجہ ہٹانے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے، وزیراعظم سخت دباﺅ میں ہیں اس لئے انہیں ہر کام کا کریڈٹ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ روز فیتے کاٹے جاتے ہیں بڑے بڑے اعلانات ہوتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ صرف اشتہارات پر دونوں بھائیوں نے اپنی تشہیر پر 30 ارب روپے لگا دیئے جبکہ ہسپتالوں کی یہ حالت ہے کہ ایک بیڈ پر چار مریض پڑے ہیں، سوا دو کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، عوام خوراک کی کمی کا شکار ہیں وہاں میڈیا ہاﺅسز کو خریدنے کیلئے 30 ارب روپے بانٹے جا رہے ہیں ان لوگوں کو خوف خدا ہی نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بجائے پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے، تھانوں کی حالت بہتر بنانے کے وردیاں تبدیل کی جا رہی ہیں۔ کے پی کے میں بھی وردی تبدیل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا میں نے انکار کر دیا اور کہا کہ کارکردگی کو بڑھائیں۔ پنجاب میں بڑے بڑے فراڈ ہو رہے ہیں کسی بھی سکیم کا آڈٹ کرا لیں فراڈ سامنے آئے گا۔ تمام اداروں کو برباد کرنے والے شریف برادران صرف عدلیہ اور فوج سے خطرہ محسوس کرتے ہیں، اس لئے ان کے درباری ان دونوں اداروں کے خلاف بیان دیتے ہیں۔ پانامہ کیس میں ن لیگیوں کا بغور مشاہدہ کیا اور یقین ہو گیا کہ یہ سب کرپٹ لوگوں کا ٹولہ ہے جو سب ملے ہوئے ہیں اور کرپٹ وزیراعظم کو بچانے کی فکر میں ہیں۔ یہ لوگ جمہوریت کو بچانے کا نعرہ لگا کر لوٹ مار کرتے ہیں۔ ضیاءالحق نے غیر جماعتی الیکشن کرا کر چھانگا مانگا سیاست کی بنیاد رکھی جس سے ملک برباد ہو گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میڈیا پاکستان کے لئے ایک بہت بڑی نعمت ہے اس لئے عوام کے سیاسی شعور میں اضافہ کیا ہے اس لئے میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لئے اربوں روپے بانٹے جا رہے ہیں۔ اصغر خان کیس میں ڈی جی آئی ایس آئی نے واضح بیان دیا کہ نوازشریف و دیگر رہنماﺅں کو بڑی بڑی رقمیں دی گئیں۔ پیپلزپارٹی والے بالکل ٹھیک کہتے ہیں کہ ماضی میں عدلیہ کا کردار شریف برادران کے حق میں امتیازی رہا ہے۔ پرویز مشرف چاہتے تو حدیبیہ ملز کیس بالکل اوپن اینڈ شٹ کیس تھا لیکن شریف برادران کو این آر او دیا اور سعودی عرب جانے دیا۔ عمران خان نے کہا کہ آج کا پاکستان مختلف ہے۔ ن لیگ کا اگر یہ خیال ہے کہ سپریم کورٹ کے پر کاٹ دیں گے یا فیصلہ پر عملدرآمد نہیں ہو گا تو ان کی خام خیالی ہے، اب عدالت پر حملہ سمیت کسی قسم کی کوشش کا کیا نتیجہ سامنے آئے گا ن لیگ کو اس کا اندازہ نہیں ہے، ان لوگوں کو ایسی کوئی کوشش کرنے پر پھر چھپنے کی جگہ نہ ملے گی کیونکہ پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور پانامہ فیصلہ کے انتظار میں ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لیگی سربراہوں کو تو رات کے اندھیروں میں چھپ چھپ کر آرمی چیف سے ملاقات کی عادت ہے، میں نے جنرل باجوہ سے چھپ کر ملاقات نہیں کی، ملاقات کا مقصد فاٹا کے انضمام، پاک افغان سرحد و دیگر اہم معاملات پر بات کرنا تھی۔ شریف برادران نے ہر ادارے میں ”نجم سیٹھی“ بٹھا رکھے ہیں۔ پانامہ میں ان کی جو جائیداد سامنے آئی وہ تو کچھ بھی نہیں ہے ابھی تو ان کی دنیا بھر میں بہت سی جائیدادیں اور پیسہ سامنے آئے گا۔ ایان علی، شرجیل اور عاصم کیس سے قوم کو صرف ایک بات کا پتہ چلا ہے کہ ایک چور دوسرے چور کا احتساب نہیں کر سکتا صرف ڈیل کر سکتا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain