لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز میں میری آخری سیریز ہوگی ، سرفراز احمد نائب کپتان ہے، اسے سپورٹ کرنا چاہیے،کچھ عرصہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ سے جو کچھ حاصل کیا اس سے مطمئن ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ون بننا یادگار لمحہ تھا۔پاکستان کےلئے ورلڈکپ جیتنا خواب تھاجوپورانہ ہوسکا۔کرکٹ کے لیے اپنے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ہمیشہ اچھا کرنے کا سوچا۔گزشتہ خراب کارکردگی پر انہوں نے بتایا کہ آخری 6 ٹیسٹ میں صلاحیت کے مطابق نہ کھیل سکے تاہم6 ، 7 سال میں ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن سے متعلق سوال کا جواب سلیکشن کمیٹی دے سکتی ہے، ٹیسٹ ٹیم میں تبدیلیاں آخری 6 ٹیسٹ کی پرفارمنس دیکھ کر کی گئیں۔مصباح الحق نے 2012 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ ورلڈ کپ 2015 کے بعد وہ ون ڈے سے کنارہ کش ہو گئے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونا چاہتے ہیں اس لئے سیریز کی تیاری کے طور پر قائداعظم ٹرافی گریڈ ٹو بھی کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا سفر بہت اچھا رہا، جو بھی کامیابیاں حاصل کیں اس سے مطمئن ہوں۔ مصباح الحق نے واضح کیا کہ کرکٹ بورڈ سے ان کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی، اپنی مرضی سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دو سال پہلے ہی ریٹائر ہوجاتے مگر بورڈ کے کہنے پر کرکٹ جاری رکھی۔واضح رہے کہ رواں برس کے شروع میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے کے بعد مصباح الحق کے ریٹائمنٹ کے اعلان کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھی تاہم پاکستانی ٹیم کو اس سیریز 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد مصباح کے ریٹائمنٹ کے اعلان کا موخر کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔مصباح الحق نے 61 ٹیسٹ میچوں میں 35 نصف سنچریوں اور 9 سنچریوں کی مدد سے 4 ہزار 352 رنز بنائے ہیں جبکہ 162 ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 42 نصف سنچریوں کی بدولت 5 ہزار 122 رنز بنائے۔مصباح نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر کے دوران 39 میچ کھیلے جن میں انہوں نے 788 رنز بنائے۔خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم حالیہ دنوں میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے، جہاں وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل چکی ہے جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز ابھی باقی ہے۔