کنگسٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے 4وکٹوں کے نقصان پر 201رنز بنا لئے۔ قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 85رنز درکار ہیں اور اس کی 6وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 286رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے محمدعامر نے مخالف ٹیم کے 6کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ میزبان جیسن ہولڈر نے ناقابل شکست 57رنز بنائے۔ ادھر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز مکمل کر لئے۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پہلے پاکستانی ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں حاصل کیا۔ یہ یونس خان کے کیریئر کا 116واں ٹیسٹ میچ ہے۔ انہیں یہ اعزاز حاصل کرنے کیلئے 23رنز کی ضرورت تھی۔ 29نومبر 1977ءکو پیدا ہونے والے یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز سری لنکا کے خلاف 2000ءمیں راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ سے کیا۔ انہیں اپنے پہلے ٹیسٹ میں ہی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ اب تک 52.39سے زائد کی اوسط سے رنز بنا چکے ہیں۔ یونس خان کو پاکستان کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
یونس خان