اسلام آباد(ویب ڈیسک )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پریڈ گراو¿نڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے لئے نہیں، ملک کیلئے بلاتا ہوں، آپ کیلئے میرے دل سے دعا نکل رہی ہے۔ انہوں نے اپنا دعویٰ دہراتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے قریبی ساتھی کی جانب سے 10 دس ارب کی آفر ہوئی جس نے عدالت جانا ہے جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے عدالت بلاو¿، آفر لانے والے کا نام بتاو¿ں گا، عدالت سے آفر لانے والے کی سکیورٹی کی استدعا بھی کروں گا۔
عمران خان نے کہا کہ جب میں بڑا ہو رہا تھا تو پاکستان ایک عظیم ملک بننے جا رہا تھا، ایک وقت میں پاکستان کا صدر جب امریکہ جاتا تو امریکہ کا صدر اسے ایئرپورٹ پر لینے آتا، پاکستان کی دنیا میں ایک حیثیت تھی، ہمیں اپنے ملک پر فخر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کیساتھ باہر جو مرضی سلوک ہو کوئی نہیں پوچھتا، چند سال پہلے میں امریکہ گیا تو انہوں نے چھ گھنٹے مجھے ایئرپورٹ پر روکے رکھا، دوسری مرتبہ میں امریکا گیا تو مجھے 4 گھنٹے روکا گیا مگر پاکستان کی حکومت نے کچھ نہیں کہا لیکن جب ہندوستان کے اداکار شاہ رخ خان کو روکا گیا تو ہندوستان نے شکایت کی اور ہندوستان کی ایمبیسی سے امریکہ کو معذرت کرنا پڑی۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف نے مجھ پر اربوں کا ہرجانہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، شہباز شریف اور نواز شریف میری بات غور سے سن لو جو میرے پاس آفر لیکر آیا اسے کہا گیا کہ 2 ارب تمہیں دیں گے اگر اسے منا لو، مجھے خوشی ہو گی کہ آپ مجھے عدالت لے جائیں۔ عمران خان نے چیلنج کیا کہ مجھے عدالت میں بلاو¿ میں اس کا نام بھی لوں گا اور عدالت سے کہوں گا کہ اسے پروٹیکشن دے۔
عمران خان نے کہا کہ آفر کرنیوالے کا نام اس لئے نہیں بتا رہا کیونکہ حکمران اس کا کاروبار بند کر دیں گے، جسٹس سجاد علی شاہ نے ٹی وی پر آ کر کہا کہ شہباز شریف اور رفیق تارڑ نے کوئٹہ کے ججز کو بریف کیس دیئے۔ عمران خان نے چیلنج کیا کہ دونوں بھائی قرآن شریف پر ہاتھ رکھ کر کہو کہ تم نے کبھی رشوت نہیں دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شریف برادران کے بچوں سے کہوں گا کہ مجھے پیسے ادھار دے دو ہرجانہ ادا کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے نمائندے کا کام عوام کے پیسے کی حفاظت کرنا ہوتا ہے مگر خواجہ آصف پارلیمنٹ میں کہہ رہے ہیں کہ فکر نہ کریں میاں صاحب! لوگ بھول جائیں گے۔ عمران خان بولے، پاکستانیو! آپکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آپ باہر نکلے تو تلاشی لی گئی، قومیں پل اور میٹرو بنانے سے نہیں بنتیں، قومیں دلیر اور ایماندار لوگوں سے بنتی ہیں، اگر لیڈر صادق اور امین نہیں ہو گا تو لوگ اس پر اعتماد کیسے کریں گے؟ پانچ کے پانچ ججز نے کہا کہ نواز شریف جھوٹا ہے اور یہ مٹھائیاں بانٹ رہے تھے، الٹا نواز شریف نے جندال کو بلا لیا لیکن نواز شریف جندال تمہیں نہیں بچا سکتا، شرم کرو، کونسا قوم کا لیڈر اپنی فوج کو بدنام کرتا ہے؟ کبھی کسی ہندوستان کے لیڈر نے پاکستان کو پیغام دیا ہے کہ ہم دوستی کرنا چاہتے ہیں را نہیں مانتی۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جو کمشیریوں کیساتھ کیا جا رہا ہے اگر کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو ساری دنیا نے ہندوستان کے پیچھے پڑ جانا تھا، کشمیریو! آج میں پاکستانی قوم کی جانب سے آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جہاں بھی موقع ملے گا کشمیریوں کا نام لوں گا اور ان کے حقوق کا نام لوں گا۔