سیول(ویب ڈیسک) شمالی کوریا کی جارحیت کے پیش نظر جنوبی کوریا میں امریکا کا متنازع دفاعی میزائل نظام تھاڈ آپریشنل ہو گیا ہے۔ شمالی کوریا سے میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کیا جا سکے گا۔امریکی فوج کے ترجمان نے ٹرمینل ہائی آلٹیچیوڈ ایریا ڈیفنس (تھاڈ) میزائل نظام کے بارے میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اب کام کرنے کی حالت میں آ گےا ہے۔ اس نظام کے ذریعے شمالی کوریا کے میزائل کو روکا اور جنوبی کوریا کا دفاع کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس نظام کو اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنے میں ابھی چند ماہ لگ جائیں گے۔ تھاڈ کو مرکزی علاقے سیانگجو کے ایک سابق گولف کورس میں گزشتہ ہفتے نصب کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس دفاعی نظام کے ذریعے بیلسٹک میزائل کو پرواز کے آخری مرحلے میں مار گرایا جا سکتا ہے۔اس نظام کی تنصیب کے خلاف جنوبی کوریا میں مظاہرے بھی منعقد ہوئے جبکہ چین اور روس سمیت خطے میں مختلف ممالک نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کورین عوام کا کہنا ہے کہ اس نظام کی تنصیب حملے کو دعوت دینا ہے۔ اس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
