راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاکستان اور سری لنکا نے علاقائی سیکیورٹی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سری لنکن فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے یقین ظاہر کیا ہے کہ پاکستان مستقبل قریب میں دہشت گردی کی لعنت پر پوری طرح قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سری لنکن آرمی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اے ڈبلیو جے سی ڈی سلوا نے بدھ کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا، اپنی آمد کے بعد انہوں نے یادگار شہداءپر پھولوںکی چادر چڑھائی، سری لنکن آرمی چیف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ سری لنکن جنرل کو پاک فوج کی دہشت گرد اور کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیف آف سری لنکن آرمی نے پاک فوج کی کامیابیوں اور قومی وعلاقائی سلامتی کےلئے اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سری لنکا کی مسلسل حمایت پر پاکستان آرمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل قریب میں دہشت گردی کی لعنت پر پوری طرح قابو پانے میں کامیاب ہو جائیگا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سری لنکن ہم منصب کے دورے اور ان کے جذبات پر تشکر کا اظہار کیا۔ فریقین نے علاقائی سیکیورٹی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔