قاہرہ (خصوصی رپورٹ)دین سے محبت اور مقدس کتاب سے لگن کا اظہار ماہر خطاط ہمیشہ سے کرتے آئے ہیں ،ا ب مصر کے خطاط سعد محمد نے دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک ہاتھ سے لکھا ہے ، یہ قرآن پاک 7 سو میٹر لمبا ہے اور اسے مکمل کرنے میں تین سال کا وقت لگا ۔ اس پر آنیوالی لاگت بھی انہوں نے خود ہی برداشت کی۔ سعد محمد نے قاہرہ کے شمال میں واقع بیلقینا گاﺅں میں اپنے گھر کی دیواروں اور چھتوں پر بھی ہاتھ سے اسلامی تصور کی عکاسی کرنیوالے نقش ونگار بنارکھے ہیں۔خطاط سعد محمد نے غیر ملکی ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ وہ اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرانا چاہتا ہے جبکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس پہلے مشینی طباعت شدہ قرآن کا ریکارڈ موجود ہے تاہم ہاتھ سے لکھے گئے سب سے بڑے قرآن کا ریکارڈ نہیں ۔ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سعد محمد پرامید ہیں کہ انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درخواست دینے کیلئے درکار رقم کے حصول میں حکومت یا دیگر دلچسپی رکھنے والے مدد کریں گے ۔
