لاہور(نیوزایجنسیاں)یونس خان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر ان سے ملاقات کے لئے لاہور جائیں گے۔ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لئے ریکارڈ 10099رنز اسکور کر نے والے سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان پاکستان پہنچنے کے بعد لاہور جائیں گے۔ویسٹ انڈیز میں کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے 39سالہ یونس خان ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر لاہور جا ئیں گے،ملاقات کا ایجنڈا کیا ہوگا؟اس بارے میں یونس خان نے مسکراہٹ کیساتھ جواب دیاکہ پاکستان میں بہت سے لوگ مجھ سے ملنا چاہتے ہیں ،ان سب کی محبت کا میں ملاقات کر کے ہی جواب دے سکوں گا۔شہباز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سابق ٹیسٹ کپتان کا یہ بھی کہنا تھاکہ کوئی خاص ایجنڈا تو طے نہیں البتہ ان کیساتھ ملاقات کر کے کیرئیر کے اچھے دنوں کی یادیں تازہ کروں گا۔