واشنگٹن(خصوصی رپورٹ)امریکہ نے پاکستان کی امداد میں کمی کر دی اور گرانٹس کو قرضوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وائٹ ہاﺅس کے ڈائریکٹر مینجمنٹ و بجٹ مک ملوانی نے کہاکہ پاکستان کو دی جانیوالی امداد میں کمی کی جارہی ہے اسکی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کئی غیر ملکی فوجی پروگراموں کو براہ راست گرانٹس سے قرضوں میں تبدیل کر دینگے جبکہ مصر اور اسرائیل کو دی جانیوالی فوجی امداد برقرار رہے گی۔یہ اقدام دوسرے ممالک میں سفارت کاری اورامدادی پروگراموں پرہونیوالے اخراجات کو 29فی صدکم کرنے کی بڑی کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد امریکہ کے فوجی اخراجات میں اضافے کیلئے فنڈز کی فراہمی ہے ۔وائٹ ہاﺅس کی بجٹ دستاویز سے پتا چلتاہے کہ2018ءکیلئے کل دفاعی اخراجات 603بلین ڈالرز ہیں جوسابق صدر باراک اوباما کی جانب سے تجویز کردہ ایلوکیشن سے 3فی صد زیادہ ہیں ،جس میں محکمہ توانائی کے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کے علاوہ وزارت دفاع کے دفاعی منصوبے بھی شامل ہیں جبکہ پینٹاگون نے 4.6فی صد اضافے کے ساتھ 574بلین ڈالرز مختص کرنے کی خصوصی درخواست کی تھی۔ٹرمپ انتظامیہ کی مجوزہ بجٹ دستاویز کے مطابق امریکہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ و دیگر بین الاقوامی پروگراموں پر 2018ءکے مالی سال کے دوران گزشتہ سال کی نسبت 11.5بلین ڈالرکم خرچ کرے گا ۔جس سے ان پروگراموں پر ہونیوالے اخراجات میں 29.1فی صد کمی آئے گی ۔ جس کیلئے کچھ ممالک کو امریکی فوجی اسلحہ خریدنے کیلئے دی جانیوالی فوجی امداد کو قرضوں میں تبدیل کیا جائے گا۔امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل جس نے پہلی بار مجوزہ تجاویز بارے رپورٹ کیا تھا ،کے مطابق غیرملکی فوجی گرانٹس میں کمی سے پاکستان ،تیونس،لبنان،یوکرائن،کولمبیا، فلپائن اور ویتنام متاثر ہونگے ۔کانگریس ریسرچ سروس کے مطابق زیادہ تر گرانٹس فارن ملٹری فنانسنگ کے تحت پاکستان، اسرائیل،مصر،اردن اور عراق کو دی جاتی ہیں ۔اگرچہ کانگریس کے پاس حکومتی خزانے کا حتمی کنٹرول ہے اور وہ ٹرمپ انتظامیہ کی ان تجاویز میں سے اکثر یا کچھ کو مسترد کرسکتی ہے ۔ادھرریپبلکن اورڈیموکریٹس نے کانگریس میں ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اوربین الاقوامی ترقی کی امریکی ایجنسیوں کی امداد میں اس قدر کمی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔