برمنگھم(نیوزایجنسیاں)قومی کرکٹر اظہرعلی چیمپئنز ٹرافی میں بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی اپنے جوہر دکھانے کیلیے بیتاب ہیں۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں میگا ایونٹ سے قبل کیمپ سے بہت فائدہ ہو رہا ہے، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلیے خوب جم کر بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کر رہے ہیں جب کہ کیمپ میں فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، انگلینڈ میں اچھی پچز بن رہی ہیں اور ہائی سکورنگ گیمز متوقع ہیں، اس حوالے سے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ٹاپ ٹیمیں شریک ہیں اور ہر میچ ہی ٹف ہو گا، بھارت کے ساتھ مقابلہ ہمیشہ ہی پریشر والا ہوتا ہے تاہم اسے نارمل میچ کی طرح لیتے ہوئے جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔اظہر علی کا کہنا تھا کہ اپنی بولنگ بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں اور نیٹ پر بولنگ پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہوں کیونکہ ون ڈے گیمز کے دوران زیادہ بولنگ آپشنز کپتان کا کام آسان بنا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں اس سے قبل دو سیریز کھیل چکا ہوں جن میں اچھا پرفارم کیا، میگا ایونٹ میں کھیلنے کیلیے پرجوش ہوں اور سخت محنت کر رہا ہوں، اپنے تجربہ کو کام میں لاتے ہوئے اچھی کارکردگی پیش کروں گا۔