برمنگھم(آئی این پی)قومی آل راﺅنڈر شعیب ملک نے محمد شامی کو بہترین بھارتی بالر قرار دے دیا جن کا کہنا ہے کہ محض مسلمان ہونے کے سبب نہیں بلکہ درحقیقت وہ ایک مشکل ترین حریف ہیں جن کیخلاف کھیلنا آسان نہیں ہوتا ہے ۔آئی سی سی کی آفیشل ٹوئٹر فیڈ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ موجودہ بھارتی ٹیم میں محمد شامی سب سے عمدہ بالر ہیں جس کا سبب محض ان کا مسلمان ہونا نہیں بلکہ وہ انہیں بالنگ کرتے ہوئے دیکھنے کے علاوہ ان کیخلاف کھیل بھی چکے ہیں اور اسی بنیاد پر وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں وہ کافی مشکل بالر محسوس ہوئے ۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ان کے بھارتی ٹیم میں بہت سارے دوست ہیں کیونکہ بیشتر ایک ہی دور میں سامنے آئے اور ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے بھی رہے ہیں لہذا ان سے دوستیاں بھی ہو گئی ہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ انہیں ٹیم میں اپنے کس ساتھی کی کمی محسوس ہوتی ہے ، قومی آل رانڈر کا کہنا تھا کہ وہ محمد یوسف کی بہت زیادہ کمی محسوس کرتے ہیں کیونکہ ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا جس میں اہم ترین بات اپنی اننگز کی تعمیر بھی تھی اور ان کے ساتھ کھیل کے عرصے میں جو وقت گزرا وہ آج بھی یاد آتا ہے ۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کے بہترین بالر کا تذکرہ کرتے ہوئے محمد شامی کے مسلمان ہونے کی بات کر کے شعیب ملک نے ٹوئٹر پر ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے اور کئی لوگوں نے ٹوئٹر پر ان کے تبصرے پر کڑی تنقید بھی کی ہے۔