لاہور(نیوزایجنسیاں) اینٹی کرپشن ٹریبیونل میں خالد لطیف کی جانب سے 14 جون تک سماعت مو¿خر کرنے اور اپنے دفاع میں دلائل دینے کی درخواست منظور کرلی گئی۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے ای میل کے ذریعے ٹریبیونل کو درخواست دے رکھی تھی کہ کارروائی 14 جون تک مو¿خر کی جائے کیونکہ وہ اپنے مو¿قف کے حق میں دلائل دینا چاہتے ہیں۔ ٹریبیونل نے آج درخواست منظورکرتے ہوئے کارروائی 14 جون تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ خالد لطیف نے اپنے وکیل کے ہمراہ ٹریبیونل پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھا تھا اور کئی روز سے یکطرفہ کارروائی جاری تھی، پیر کو پی سی بی کی جانب سے آخری گواہ آئی سی سی اینٹی کرپشن چیف رونی فلینگن نے فون پر اپنے سابقہ ریکارڈ شدہ بیان کی تصدیق کر دی تھی جس کے بعد کارروائی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ اب ٹریبیونل کی جانب سے خالد لطیف کو اپنی صفائی کا ایک اور موقع فراہم کیا گیا ہے۔