برمنگھم(ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت دنگل کیلئے میدان سج گیاہے شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہونے لگیں اورکھلاڑیوں نے بھی آستینیں چڑھالیں ہیں۔کرکٹ کے سب سے سنسنی خیز مقابلے کا وقت آگیا ہے، اتوار کو شیڈول میچ کیلئے برمنگھم میں بھی کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچ گیا، ٹکٹیں کافی پہلے فروخت ہو چکی تھیں، محروم افراد تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے، ایسے میں بلیک میں بیچنے والوں کی چاندی ہوگئی، گزشتہ روز بھی دونوں ٹیموں نے بھرپور نیٹ پریکٹس کی، پیسر وہاب ریاض اب مکمل فٹ ہو چکے اور نیٹ میں بولنگ کر رہے ہیں، آل راؤنڈر فہیم اشرف اور اسپنر شاداب خان میں ٹائی ہے ان میں سے کوئی ایک میدان میں اترے گا، پیس اٹیک میں شامل محمد عامر اور حسن علی بھی کوہلی، روہت، شیکھر، یوراج اور دھونی پر مشتمل مضبوط حریف بیٹنگ لائن کا امتحان لیں گے۔بیٹنگ لائن کو اظہرعلی، احمد شہزاد، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک اور سرفراز احمد سنبھالیں گے، بھارتی ٹیم مضبوط دکھائی دیتی ہے مگر کپتان کوہلی و دیگر سینئرز کے کوچ کے ساتھ اختلافات سے اسے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ برمنگھم میں اتوار کو بارش کی پیشگوئی ہے، ایسے میں شائقین کے ارمانوں پر اوس پڑ سکتی ہے، مانچسٹر دھماکے کی وجہ سے سیکیورٹی مزید سخت کی جا چکی ہے۔دوسری جانب برمنگھم میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کل کے میچ کے لیے جنید خان، حارث سہیل اور فخر زمان کو باہر بٹھایا گیا ہے، کوچ کی جانب سے اعلان کردہ 12 رکنی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، محمد عامر اور حسن علی منتخب کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔