لاہور: (ویب ڈیسک ) معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے کہا ہے کہ وہی ملک اورقومیں ترقی کرتی ہیں جہاں کام کرنے والے ایمانداری کے ساتھ اپنا کام کریں اوراپنے شعبے کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں۔سارہ لورین نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں جن لوگوں نے ایمانداری کے ساتھ منفرد کام کیا، ان کی شہرت کے چرچے آج دنیا بھرمیں ہیں اورجن فنکاروں نے کام کے بجائے ہمیشہ خبروں میں رہنے کے لیے شارٹ کٹس کو اپنایا ، ان کی بدولت آج ایک طرف فلم انڈسٹری تباہی کے دہانے پرہے اوردوسری جانب ان کا اپنا امیج اپنے ہی ملک میں نہ ہونے کے برابر ہے۔اداکارہ نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں شوبزاوراسپورٹس دوایسے شعبے ہیں، جس کی بدولت راتوں رات شہرت کی بلندیوں تک پہنچا جاسکتا ہے۔ ایک فلم کامیاب ہوجائے توآئندہ کئی برس تک اس پہلی کامیابی کے بل پربڑی اننگزکھیلنے کا موقع ملتا رہتا ہے، دوسری جانب اسپورٹس کے شعبے میں بھی جب کوئی کھلاڑی پہلی مرتبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے تواس کے نام کے ڈنکے بجنے لگتے ہیں۔ ایک طرف توکامیابی ملتی ہے اوردوسری جانب دولت بھی آجاتی ہے۔سارہ لورین نے کہا کہ ہم اگرپاکستان فلم انڈسٹری پرنظرڈالیں تو گزشتہ دودہائیوں کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کوشدید بحران کا سامنا رہا ہے۔ ایسے میں نوجوان فنکاروں اورفلم میکرز پریہ ذمے داری آن پڑی ہے کہ وہ ماضی کی طرف جھانکتے ہوئے ایسا کوئی بھی کام نہ کریں، جس سے دوبارہ بحران کا سامنا کرنا پڑے۔ بلکہ نوجوانوںکو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل پرایسا منفرد کام کریں کہ مستقبل میں لوگ اس کی مثال دیں اوران کے نقش قدم پرچلتے ہوئے پاکستانی شوبز انڈسٹری کوترقی کی نئی منازل تک لے جائیں۔