برمنگھم (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کیخلاف فتح کا کریڈٹ بولرز کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہماری بولنگ اور فیلڈنگ بہتر ین رہی، میچ میں کراوڈ کی کافی سپورٹ تھی جس کی وجہ سے حوصلے بلند ہوئے، مجموعی طور پر ٹیم کی بہت اچھی رہی،بھارت کے خلاف میچ میں ہم دباو میں آگئے تھے جس کے نتیجے میں نہ بولنگ اچھی ہوئی نہ بیٹنگ اور نہ ہی فیلڈنگ،نوجوان کھلاڑی دباﺅ میں جلد آجاتے ہیں، غلطیاں ہوتی ہیں اور اہم غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں۔سری لنکا کیخلاف جیت کاتسلسل برقراررکھیں گے اوراہم ترین معرکے میں فتح کےلئے سرتوڑکوشش کرینگے۔جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہی ہماری ٹیم اور بہترین پلیئرز ہیں۔جنوبی افریقا کے خلاف ہماری بولنگ اور فیلڈنگ بہتر رہی جس نے فرق پیدا کیا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوچ نے فیلڈنگ پر توجہ کی ہدایت کی تھی، کھلاڑیوں کو کریڈٹ جاتا ہے، بولرز نے وکٹیں لیں جس نے کافی مدد کی، ان کا کہنا تھا کہ جیت کا کریڈٹ بولرز کو دیں گے۔کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پچھلے میچ کے مقابلے میں آج بولنگ اور فیلڈنگ بہتر تھی۔ پچھلے میچ میں آخری چار اوورز میں 74 رنز پڑے آج ایسا نہیں ہوا۔انھوں نے کہا کہ بارش کا تو سوچا ہی نہیں تھا اور بولنگ اچھی کی اور پلین کے مطابق کی۔انڈیا کے خلاف شکست کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ ٹیم میٹنگز کی بدولت کھلاڑیوں میں خود اعتمادی بڑھی۔انڈیا کے خلاف میچ کے حوالے سے ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جب سے وہ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اور جب سے انھوں نے ٹیم کی کمان سنبھالی ہے تو دیکھا ہے کہ نوجوان کھلاڑی کافی دبا ﺅمیں آجاتے ہیں اور اتوار کو انڈیا کے خلاف میچ میں بھی ایسا ہی ہوا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں ٹیم بھی دبا ﺅمیں آجاتی ہے جس کے باعث نہ بولنگ اچھی ہوئی نہ بیٹنگ اور نہ ہی فیلڈنگ۔انھوں نے کہا کہ غلطیاں ہوتی ہیں اور وہ سیکھ رہے ہیں۔نوجوان بلے باز فخر زمان کے بارے میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ فخر زمان نے اچھا کھیل پیش کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے فخر کے ساتھ کراچی میں کرکٹ کھیلی ہے اور وہ ایک قابل کھلاڑی ہیں۔