تہران (ویب ڈیسک ) ایران کے مشرقی بارڈ ر اور پاکستان کے ساتھ واقع سرحدی قصبے میرجاوہ میں بڑے پیمانے پرا یرانی فورسز کی نقل و حرکت دیکھنے میں آئی ہے، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں ایرانی ٹینکوں اور دیگر فوجی کانوائے کو پاکستانی سرحد کی جانب پیش قدمی کے دعوﺅں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔
ایرانی ویب سائٹ”پیک ایران نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں ایران کی سیکورٹی فورسز کو ملک کے مشرقی بارڈر اور میرجاوہ قصبے میں نقل و حرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ، ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کی مشرقی سرحدوں پر بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت دیکھنے میں آرہی ہے، درجنوں ٹینک ، بکتر بند گاڑیاں اور میزائلوں کی بڑے پیمانے میں نقل و حرکت جاری ہے۔جبکہ ایسی ہی نقل و حرکت پاکستانی سرحد کے قریب واقعے قصبے میرجاوہ میں بھی دیکھی گئی ہے۔ویڈیو کلپ میں درجنوں ایرانی ٹینک پاکستانی سرحد کی جانب جاتے ہوئے دکھائے گئے ہیں لیکن ان کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ ویڈیو میں انہیں مکمل نہیں دکھایا جا سکا۔۔
و اضح رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان900کلومیٹر طویل سرحد ہے اور اپنی سرحد کی حفاظت کے لئے دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ بھی موجود ہے۔گذشتہ دنوں ایرانی کوسٹ گارڈز کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی گشیدہ ہیں۔جبکہ گذشتہ ماہ ایرانی بارڈر سے پاکستانی علاقے میں مارٹر کے گولے داغے گئے تھے۔
