لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مرحبا رمضان میں قرعہ اندازی کے ذریعے وہاڑی کے تنویر احمد نے موٹرسائیکل جیت لی۔ ان کے نام کا قرعہ کامیڈین نواز انجم کے ہاتھوں نکلا۔ اس موقع پر لائیو ٹیلی فونک گفتگو میں تنویر احمد نے موٹرسائیکل کا انعام جیتنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ چینل۵ کے پروگرام ”مرحبا رمضان“ علامہ اصغر فاروق نے بتایا حضورپاک ہم سب کے لئے جہاں ایک رسول کی حیثیت سے اسوہ حسنہ ہیں اسی طرح آپ بطور باپ بھی اسوہ حسنہ ہیں۔ آپ اپنے بچوں سے بہت پیار کرتے تھے ناصرف اپنے بچوں بلکہ بےگانوں کے بچوں یہاں تک کہ کافروں کے بچوں سے بھی پیارکرتے تھے۔ حضورپاک نے فرمایا ہر بچہ دین فطرت پر پیدا ہوتا ہے میدان جنگ میں بھی بچوں کو قتل مت کرو آپ کے تین بیٹے اور چار بیٹیاں تھیں حضور پاک کے تینوں بیٹوں کا انتقال ہوگیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا شادی کرنے سے قبل بیٹیوں سے بھی ان کی مرضی پوچھ لینی چاہئے۔ علامہ رشید ترابی نے بتایا کہ محمد کا مطلب ہے ایسی ہستی جن کی بہت زیادہ تعریف کی گئی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ حضور پاک حضرت امام حسینؓ اور حضرت امام حسنؓ سے بہت پیار کیا کرتے تھے ان کو چومتے اور سینے سے لگایا کرتے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا نکاح میں سب سے پہلا فرض ہے کہ لڑکی سے پوچھ لیا جائے کیونکہ ہمارے معاشرے میں عام طور پر لڑکیوں سے ان کی مرضی نہیں پوچھی جاتی حالانکہ یہ حق انہیں دین اسلام نے دیا ہے۔ نعت خواں اختر حسین قریشی نے نعت شریف میں گدائے دیار نبی ہوں“ سنائی ان کی خوبصورت آواز نے سماں باندھ دیا۔ پروگرام میں نواز انجم کے صاحبزادے احمدانجم نے نعت ”کرم مانگتا ہوں دعا مانگتا ہوں الٰہی میں تجھ سے دعا مانگتا ہوں سنائی۔“ نواز انجم کے صاحبزادے احمد انجم نے بتایا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ نواز انجم کے بیٹے ہیںکیونکہ بحیثیت باپ وہ ایک بہترین انسان ہیں لیکن ہماری تربیت کے معاملے میں یہ کافی سخت ہیں۔
