لاہور (خصوصی رپورٹ) میچوں، گھڑ ریس اور دیگر کھیلوں پر ہونے والے جوا کے ذریعے اربوں روپے ہنڈی سے بیرون ممالک منتقل ہونے لگے، سب سے زیادہ رقم بھارت، آسٹریلیا اور ساﺅتھ افریقہ بجھوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت داخلہ نے میچوں پر جوا کروانے والے بک میکرز اور جواریوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاﺅن کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم متحرک ہوگیا اور بڑے بک میکرز کی فہرستیں تیار کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے اور اسی حوالے سے پی ٹی اے کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں اور ایسی ویب سائٹس جس کے ذریعے مختلف بین الاقوامی کھیلوں اور ریسوں کے نام پر جوا کروایا جا رہا ہے ان کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ پی ٹی سی ایل کی مدد سے بھی کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم نے دو روز قبل لٹن روڈ سے میچوں پر جوا کرنے والے ایک بڑے گروہ کو گرفتار کیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ علاقے میں کئی سالوں سے گھڑ دوڑ، کرکٹ میچوں، کتوں کی ریس اور دیگر میچوں پر کروڑوں روپے کا جوا ہوتا ہے اور اس کی رقم ہنڈی حوالہ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کردی جاتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خواجہ حماد حسن نے چھاپے کے دوران ملنے والے ریکارڈ کو فرانزک لیب بجھوا دیا ہے اور اس گروہ کے مرکزی ملزم شوکت قصوری کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے نے دو ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے گروہ 25 سے زائد سب ایجنٹ ہیں جو ملک کے مختلف علاقوں سے باقاعدہ میچوں، گھڑ دوڑ اور دیگر ریسوں کے مقابلوں پر جوا کرواتے ہیں اور اسی گروہ کے ذریعے پھر رقم ہنڈی حوالے کے ذریعے دیگر ممالک میں اپنے مافیا کے دیگر ارکان کو ہنڈی حوالے کے ذریعے بھجوا دی جاتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سید شاہد حسن نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ جوا سمیت دیگر کھیلوں پر جوا کروانے والے بکیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کر دیاہے۔
