اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشنز پر کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرے ملک بھر کے پولنگ سٹیشنز پر لگائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے 80 ہزار سے زائد کیمرے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کیمروں کے ساتھ 20 ہزار ریکارڈنگ ڈیوائسز بھی خریدی جائیں گی جبکہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے تمام پراسیس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ووٹر لسٹوں کی تیاری‘ گاڑیوں اور جدید سامان کی خریداری‘ الیکشن ٹربیونلز کے قیام کیلئے اربوں روپے مختص کردیئے۔ دستاویزات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان مردم شماری کے بعد آئندہ انتخابات کیلئے حتمی لسٹوں کی تیاری کرے گا جس کے بعد انتخابی حلقوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ دستاویزات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ مالی سال کے اخراجات کیلئے دو ارب 34 کروڑ مختص کئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد سیکرٹریٹ کیلئے 27 کروڑ‘ سامان کی پرنٹنگ اور اشاعت کیلئے 30 کروڑ‘ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آﺅٹ سٹینڈنگ کلیمز کیلئے 50 لاکھ‘ الیکشن کے انعقاد کیلئے 62 کروڑ‘ الیکشن ٹربیونلز کیلئے پچاس لاکھ الیکشن کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے 38 کروڑ 98 لاکھ مختص کئے گئے ہیں۔ اس طرح پنجاب کے صوبے میں مجموعی طور پر 36 کروڑ سے زائد خرچ ہوں گے۔
