لاہور (خبر نگار)بلاول بھٹو کے اعزاز میں منعقد ہ ڈنر میں بد انتظامی کے بعد جیالوں نے ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ دئیے،رہنماﺅں نے صورت حال کو قابو کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی جیالوں کے جلال کو قابو نہ کرسکے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں جیالوں اور پارٹی رہنماﺅں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ، بلاول کی تقریر کے بعد ایک کارکن نے اپنے قائد سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی، منتظمین نے جیالے کو اپنے قائد سے ملنے نہیں دیا۔ جس پر جیالا اور منتظمین سیخ پا ہوگئے، ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کا استعمال کیا ، جس کے باعث جیالے کے کپڑے پھٹ گئے اور منتظمین نے اسے سٹیج سے نیچے پھینکنے کی کوشش کی لیکن قمر الزمان کائرہ اور دیگر رہنماﺅں نے اس کو بچایا اور ٹینٹ کی چادر سے جیالے کے جسم کو ڈھانپ کر وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔