اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی وخود مختاری اورحرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان پرعزم ہے اور توقع ہے خلیج کا حالیہ بحران امہ کے بہترین مفادمیں جلد حل ہو جائے گا۔ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان سے شاہی محل میں ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل باجوہ ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیرخارجہ سرتاج عزیزبھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے مملکت سعودی عرب اوراس کے عوام سے اظہاریکجہتی کیا جب کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کی جغرافیائی سلامتی اورخودمختاری کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل میں مملکت سعودی عربیہ کا خصوصی مقام ہے، سعودی عرب کی سلامتی وخود مختاری اورحرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان پرعزم ہے جب کہ توقع ہے کہ خلیج کا حالیہ بحران امت مسلمہ کے بہترین مفادمیں جلد حل ہو جائے گا۔