لاس اینجلس(خصوصی رپورٹ) ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جینفر لارنس اپنے نجی طیارے میں سفر کر رہی تھیں کہ اچانک اس کے دونوں انجن فیل ہو گئے تاہم طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی ریاست کنٹکی کے شہر لوئس ویل میں اداکارہ اپنے خاندان سے ملاقات کرنے گئی تھیں۔ 26 سالہ اداکارہ جینفر لارنس نے اپنے نجی طیارے میں جب واپسی کا سفر شروع کیا تو اچانک جہاز کے دونوں انجن فیل ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انجنز کے فیل ہونے کے وقت جینفر لارنس کا طیارہ 31 ہزار فٹ کی بلندی پر محو پرواز تھا۔ تاہم اس موقع پر طیارے کے پائلٹ نے صورتحال سے گھبرانے کی بجائے طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کروانے کا فیصلہ کیا اور اسے بحفاظت اتار لیا گیا۔