قصور، پتو کی (بیورو رپورٹ، تحصیل رپورٹر ) پاکستان کے معروف ون پونڈ فش سنگر شاہد نذیر کی طرف سے درج کروائے گئے 40لاکھ روپے کے مقدمہ میں نامزد ملزم نشاط احمد تھانہ صدر پتوکی سے فرار۔ایس ایچ او صدر پتوکی کی غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں گرفتار مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف ون پونڈ فش سنگر شاہد نذیر نے ملزم نشاط احمد سے چالیس لاکھ روپے کی رقم لینا تھی جس پر پولیس نے شاہد نذیر کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایس ایچ او صدر طاہر خاں کے حوالے کر دیا۔تاہم افطاری کے وقت ملزم تھانہ صدر پتوکی سے فرار ہوگیا۔تھانہ سٹی پولیس پتوکی کے ایس ایچ او حاجی محمد اکرم کی رپورٹ پر غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں سٹی پولیس نے ایس ایچ او صدر پتوکی طاہر خاں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ہونے والے ایس ایچ او صدر پتوکی طاہر خاں کو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ فرسٹ کلاس مجسٹریٹ محمد عمران کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔عدالت نے ملزم کو دو روزہ ریمانڈ پر سٹی پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔