ممبئی (شوبز ڈیسک)سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم ”ٹیوب لائٹ“ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو بھارت اور چین کے درمیان جنگ کے موضوع پر مبنی ہے جب کہ اس میں سلو میاں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔اداکار فلم کی تشہیر کے لیے بہت سرگرم ہیں اور اسی حوالے سے ایک تقریب میں سلمان خان سے پاک بھارت جنگ سے متعلق سوال کیا گیا جس پر ان کا کہنا تھا کہ جنگ کا نام لینے والوں کو بندوقیں دے کر بارڈر پر بھیجنا چاہیے جس سے انہیں عقل ٹھکانے آجائے گی اور اس سے ایک ہی دن میں مسئلہ حل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب جنگ کے خوف سے جنگ مسلط کرنے والوں کے ہاتھ پاو¿ں کانپنا شروع ہوجائیں گے تو وہ خود ہی مذاکرات کی میز پر مسائل حل کرنے پر آمادگی کا اظہار کریں گے۔سلمان خان نے کہا کہ جنگ کسی چیز کا حل نہیں کیوں جب بھی جنگ ہوتی ہے تو دونوں طرف کے لوگ مرتے ہیں جس کے نتیجے میں والدین اور خاندان کو اپنے پیاروں کے بغیر ساری زندگی گزارنی پڑتی ہے جو کہ انتہائی کربناک ہے۔بالی ووڈ اسٹار کے پاک بھارت جنگ کی مخالفت میں بیان پر ہندو انتہا پسند سیخ پا ہوگئے ہیں اور سلمان کے بیان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
