لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اداکار اورنگزیب لغاری نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے، جتنی رحمتیں سمیٹ سکتے ہیں سمیٹ لینی چاہئیں۔ بدقسمتی سے ملک میں غربت کے باعث بہت سارے لوگ یا خاندان ایسے بھی ہیں جن کو سحری یا افطاری نہیں ملتی۔ میں اپنی ہر سحری و افطاری پر دعا کرتا ہوں کہ اللہ سب کو روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اور کوئی بھی غربت کے باعث روزہ رکھنے سے قاصر نہ رہے۔ ہم سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ اپنے اردگرد نظر رکھیں ہمسایوں، رشتے داروں، عزیز و اقارب اور دوستوں میں دیکھیں کہ کہیں کوئی ایسا تو نہیں کہ اس کے پاس سحری یا افطاری کےلئے کچھ نہیں اگر ایسی صورتحال دکھائی دے تو سب سے پہلے اس کی مدد کریں تاکہ وہ بہترین طریقے سے روزہ رکھ سکے۔ ماہِ رمضان میں تو ایک نیکی کا ثواب 70 گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔