لاہور (شوبز ڈیسک) فلمسٹار ریما اور انکے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے پہلی مرتبہ اکٹھے کسی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ریما کا کہنا تھا کہ گھر عورت کی محبت سے بنتا ہے ، عورت چاہے تو اپنے گھر کو جنت بنا سکتی ہے ، بیوی اچھی ہونے کے ساتھ شوہر کا اچھا ہونا بھی ضروری ہے تب ہی کامیاب ازدواجی زندگی ممکن ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر میرے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں اور مجھے حقیقت میں میرا آئیڈیل ہی ملا ہے جس پر میں اپنے خدا کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے ۔ ریما نے بتایا کہ میرے شوہر کو لمبے بال پسند ہیں اور اسی وجہ سے میں نے اپنے بالوں کو لمبا کر رکھا ہے ۔ ہفتہ اور اتوار ہم دونوں میاں بیوی اکٹھے مناتے ہیں ، شاپنگ کے لئے بھی اکٹھے ہی جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلموں میں کام کروں یا نہ کروں مگر میرے پرستاروں کی محبت آج بھی ہے ۔اس موقع پر ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ ریما کی شخصیت اتنی اچھی ہے کہ مجھے اس سے زیادہ اچھی بیوی مل ہی نہیں سکتی تھی ۔ مجھے ریما میک اپ کے بغیر بھی بہت خوبصورت لگتی ہیں اور اس کو گھر کی سجاوٹ بہت پسند ہے ، شادی کے بعد انہوں نے گھر کو جس طرح سے سجایا وہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ریما کی کوئی عادت بری نہیں لگتی البتہ اگر کہیں پارٹی میں جانا ہو تو ریما میک اپ میں دیر کر دے تو تھوڑی سی ناگواری ضرور ہوتی ہے کیونکہ میں وقت کا بہت پابند ہوں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریما شادی سے پہلے چائے نہیں پیتی تھی مگر میں نے اب انہیں چائے پینے کی عادت بھی ڈال دی ہے ۔میں نے شادی کے بعد ایک بھی فلم نہیں دیکھی ۔