ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان ہدایت کار کبیر خان کی اگلی فلم میں پہلی بار 75 سال کے بوڑھے کا کردار نبھائیں گے۔دبنگ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ٹیوب لائٹ میں سلمان کی پرفارمنس کو ناقدین کی جانب سے زیادہ پذیرائی حاصل نہ ہوسکی، شائقین نے بھی فلم میں سلمان کی اداکاری کو زیادہ پسند نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ٹیوب لائٹ نے سلمان کی گزشتہ فلموں کے مقابلے میں بہت ہی کم بزنس کیا اور ابھی تک 100 کروڑ کا ہندسہ بھی عبورنہیں کرسکی۔ تاہم سلمان نے فلم کی ناکامی کا زیادہ اثرنہیں لیا اور ٹیوب لائٹ کی ٹیم سمیت تمام قریبی دوستوں کے ساتھ عید کے موقع پر تقریب کا اہتمام کرکے خوب جشن منایا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایت کار کبیر خان فلم کی ناکامی سے زیادہ خوش نہیں اورانہیں ڈر تھا کہ سلمان خان پتا نہیں ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہیں گے۔ یا نہیں لیکن سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کے دوست نواز اداکاروں میں ہوتا ہے جو کبھی بھی کسی کو، خاص طور پراپنے دوستوں کو کسی چیز کیلئے منع نہیں کرتے اس لیے تقریب کے دوران جب کبیر خان نے سلمان سے پوچھا کہ کیا وہ ان کے ساتھ اگلی فلم میں کام کرنا چاہیں گے تو سلمان نے فورا جواب دیا کہ کیوں نہیں، ضرور کرنا چاہوں گا۔یاد رہے کہ سلمان خان کبیر خان کی اگلی فلم میں 40 سے 75 سال تک کے انسان کا کردار نبھائیں گے۔ کبیر خان کی اگلی فلم کیلئے ہاں کہہ کر سلمان نے ثابت کردیا کہ تنقید نگار ان کے اور ان کی فلم کے بارے میں کیا کہتے ہیں اس بات سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا وہ اب بھی بالی ووڈ کے سپراسٹار ہیں۔