اسلام آباد (نیٹ نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قوم سے وعدہ کرتا ہوں اگر جے ائٓی ٹی رپورٹ کے بعد پانامہ کیس پر عدالت میں جرح ہوئی تو میں کیس کے فریق کی حیثیت سے نواز شریف کو عدالت میں پیش کراﺅں گا۔ اسحق ڈار کو نواز شریف سمجھتے ہیں۔ یہ پھر بھی برداشت کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سمجھنا اور ان کے چہرے کو پڑھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی ماڈرن فارم ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکمران 10سال کےلئے نااہل ہونے جا رہے ہیں۔ نواز شریف کو ایجنڈا دیا گیا ہے کہ پاک فوج کو تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف نااہل ہونگے تو اس ملک کی عزت میں اضافہ ہو گا۔ اسحاق ڈار بالکل منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کونسا بچہ باپ کو ارب روپے تحفہ میں دیتا ہے۔ حکمران خاندان کی سیاست کی پتنگ کٹ چکی ہے۔ حکومت کا کام تمام ہو چکا ہے۔ خدا نے انہیں تکبر کی سزا دی۔ ن لیگ نے کارکنوں کو کال دی تو لگ پتہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سات ہفتوں میں معاملہ سامنے کھل کر آ جائے گا۔ پہلے پپو 2میں فیل تھا مجھے تو 5 میں فیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے خلاف ہو گا تو ہمیں قبول ہے۔
