لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب پولیس میں مستقل آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے حوالے سے 2افسران کے نام گردش کرنے لگے۔ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز اور ایڈیشنل آئی جی پی ایچ بی امجد جاوید سلیمی کو مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس میں مستقل آئی جی پنجاب کو تعینات نہ کرنے کا نوٹس لیا تھا۔ وفاقی حکومت نے ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب کیپٹن (ر) محمدعثمان خٹک کا قائم مقام آئی جی پنجاب کا نوٹیفکیشن کردیا تھا اور ان کو عارضی طور پر آئی جی پنجاب کام کرنے کا کہا گیا تھا۔ ہائیکورٹ کے نوٹس لینے کے بعد پنجاب پولیس میں مستقل آئی جی پنجاب کی تعیناتی کیلئے افسران میں بھاگ دوڑ شروع ہو گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب فیصل شاہکار کا نام بھی زیرگردش ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت قائم مقام آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) محمدعثمان خٹک کا مستقل آئی جی پنجاب کا نوٹیفکیشن کرنے کے بارے میں بھی سوچ بچار کر رہی ہے۔ قائم مقام آئی جی پنجاب کی ریٹائرمنٹ میں تین ماہ رہ گئے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو بھی آئی جی پنجاب تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔ عارف نواز عہدے کیلئے مضبوط امیدوار تصور کئے جا رہے ہیں۔
