کراچی(شوبز ڈیسک) ٹی وی اداکارہ اور ماڈل سائرہ شہروز نے کہا کہ فلم چلے تھے ساتھ کے بعد فلم پراجیکٹ غازی اپنی نوعیت کی منفرد ٹیکنالوجی سے مرصع فلم ہے جس میں میرا کردار شائقین کو متاثر کریگا، فلموں میں اکثر خواتین کو کمزور دکھایا جاتا ہے لیکن اس میں پاور فل عورت نظر آئیگی۔ اس فلم میں نیکی و بدی کی جنگ میں عورت کا کردار سب سے اہم ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ملاقات میں کیا۔انکا کہنا تھا ماڈلنگ سے جو شہرت ملی اسے چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتی البتہ منتخب اداروں کو ترجیح دیتی ہوں۔ اپنی فلم کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ فلم میں ہمایوں سعید، شہر یار منور، طلعت حسین و دیگر فنکار میرے ساتھ ہیں ان سینئر فنکاروں سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس میں کام کرکے جو لطف آیا اسے الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔