لاہور(شوبزڈیسک) اداکارہ میرا کے مداحوں کیلئے خوشخبری ہے کہ ان کی پسندیدہ ایکٹر اگلے ماہ شادی کرنے جا رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے دولہا کوئی اور نہیں بلکہ میرا کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے خبروں کی زینت رہنے والے کیپٹن نوید ہیں۔ خیال رہے کہ اداکارہ میرا نے کچھ عرصہ قبل خود اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ جلد شادی کرنے جا رہی ہیں تاہم ان کا دولہا کون ہوگا، اس بارے میں وہ میڈیا کو کچھ نہیں بتائیں گی۔ میرا کا کہنا تھا کہ وہ اس دفعہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں فی الحال کچھ سامنے نہیں لائیں گی کیونکہ اس سے قبل انہوں نے جب بھی شادی کا ارادہ کیا تو میڈیا اس کی راہ میں حائل ہو گیا۔اداکارہ کے والد سرور شاہ کاگفتگو میں کہنا تھا کہ میرا اور کیپٹن نوید کا نکاح تقریباً دو سال قبل امریکا میں ہو چکا ہے۔ اب صرف رخصتی کی رسومات باقی ہیں ۔
جنھیں اگلے ماہ خوش اسلوبی سے ادا کر دیا جائے گا۔ اطلاعات ہیں کہ شادی کی تقریب میں چند قریبی دوست، عزیز واقارب اور اہلخانہ ہی شرکت کرینگے۔ شادی کی تقریب کا اہتمام لاہور کے علاقے ڈیفنس میں میرا کی رہائشگاہ پر ہی کیا گیا ہے۔اداکارہ میرا کے قریبی خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کے کارڈز بھی چھپ چکے ہیں۔ اداکارہ میرا نے اس اہم معاملے میں اپنے والدین اور دیگر فیملی ممبرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شادی سے متعلق کسی قسم کی تفصیلات کسی کو نہ بتائیں اور جس حد تک ممکن ہو اس کو چھپایا جائے۔ خیال رہے کہ لالی ووڈ اداکارہ میرا کی اس سے قبل شیخ عتیق کے ساتھ بھی مبینہ شادی کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں۔