لاہور(کلچرل رپورٹر)اداکارہ مدیحہ امام کی بالی وڈ میں پہلی فلم”ڈیئرمام“بری طرح ناکامی کا شکار ہوگئی ہے لیکن اس کے باوجود مدیحہ امام مایوس ہونے کی بجائے خوشی کااظہارکررہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ فلم کچھ عرصہ پہلے ریلیز کی گئی جس نے بہت ہی کم بزنس کیا جس کی وجہ سے پروڈیوسرکو بہت زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑاجبکہ دوسری طرف اس فلم کا پاکستان سمیت کئی ممالک میں ریلیز ہی نہیں کیا گیا جس کی بنیادی وجہ فلم میں سٹارکاسٹ کا نہ ہونا تھا۔بالی وڈ کے ناقدین اس فلم کو منشیاکوئرالہ کے کیرئر کے لئے بہت اہم قراردے رہے تھے لیکن انہیں بھی اس فلم کا کوئی فائدہ نہ پہنچا البتہ اس حوالے سے مدیحہ امام کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں ان کی پرفارمنس بہت پسندکی گئی ہے لیکن انہیں فلم پاکستان میں ریلیز نہ ہونے کا افسوس ہے۔ایک سوال کے جواب میں مدیحہ امام نے بتایا کہ مجھے فلم کی ریلیز بارے اطلاع نہیں دی گئی۔