کہوٹہ،اسلام آباد،(مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک چھوٹاسا طبقہ امیرہوتا جا رہا ہے، اگلا ہفتہ پاکستان کی تاریخ کااہم ہفتہ ہے جس میں مجھے نیا پاکستان بنتے ہوئے نظر آرہا ہے، 30سال سے نوازشریف کا احتساب نہیں ہوامگر اب گلی گلی میں شورہے “ساراٹبر”چورہے۔ بانی پاکستان کے دشمن بھی ان کوصادق اورامین کہتے تھے مگر موجودہ حکمرانوں نے ملکی دولت لوٹ کر تاریخ رقم کردی ہے۔جس ملک کا حکمران جھوٹا اور چور ہوتا ہے وہ اس ملک کو تباہ کرکے رکھ دیتا ہے۔کہوٹہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن اداروں کومضبوط نہیں ہونے دیتی اسی کرپشن اور چوری نے اداروں کو تباہ کیا ہے۔ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان ایک مقروض ملک بن چکا ہے۔ ایک چھوٹا طبقہ امیر سے امیر تر ہوتا جا رہا ہے۔ ہر سال کرپشن کے ایک ارب روپے ملک سے باہر جا رہے ہیں مگر کوئی اس طبقے کے خلاف اٹھنے کی کوشش نہیں کرتا اگر میں نواز شریف کی جگہ ہوتا تو میں استعفیٰ دے چکا ہوتا۔ عمران خان نے جے آئی ٹی اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے پاکستان کی جانب سے انہیں میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اگلا ہفتہ ملکی تاریخ کا اہم ترین ہفتہ ہے جس میں مجھے نیا پاکستان بنتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سبز پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں ہے آج بنگلہ دیش بھی ترقی میں پاکستان سے آگے نکل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جگہ کوئی اور ہوتا تو شرم سے ڈوب مرتا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے مستعفی نہ ہونے کا اعلان شرمناک ہے ¾ نواز شریف اقتدار بچانے کیلئے اپنے والد اور بچوں کو بدنام کر رہے ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری، اثاثے چھپانے، دروغ گوئی اور جعلسازی کے ثبوت سامنے آنے کے باوجود نواز شریف کا مستعفی ہونے سے انکار کرنا شرمناک ہے۔نواز شریف قوم کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں، تمام اخلاقی بنیادکھونے کے باوجود وہ صرف اقتدار میں رہنے کیلئے اپنے مرحوم والد اور بچوں کو بدنام کر رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ قوم کے ٹیکس ادا کرنے والے لوگ کس طرح نواز شریف پر اعتماد کر سکتے ہیں۔ ٹیکس ادا کرنے والے لوگ اسحاق ڈار اور ان کے تعینات کیے گئے ظفر حجازی (چیئرمین ایس ای سی پی) اور سعید احمد (صد نیشنل بینک) پر کس طرح اعتماد کر سکتے ہیں جبکہ ان پر مجرمانہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ ہمیشہ ڈاکوﺅں سے مک مکا کیا، نواز شریف نے دیگر چوروں کو بھی ملک لوٹنے کا موقع دیا، اگلا ہفتہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم ہے، اس ہفتے فیصلہ ہو گا، ڈاکووں کا پاکستان ہو گا یا نیا پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ شریف مافیا خود چوری کےلئے دیگر مافیا کا بھی دفاع کرتا ہے، جے آئی ٹی ممبرز کو پورے پاکستان کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں، جے آئی ٹی نے جو کام کیا قوم آپ کو نہیں بھولے گی، ہم جے آئی ٹی ممبرز کے ساتھ کھڑے ہیں، اگلے ہفتے ایک نیا پاکستان نظر آ رہا ہے، نیا پاکستان تب بنے گا جب چور قانون کے نیچے آئیں گے۔
