کراچی (اے این این) گورنر سندھ محمد زبیر نے سندھ اسمبلی کی جانب سے نیب قانون کو ختم کرنے کے بل کی توثیق کرنے سے انکار کردیا۔گورنر ہاوس کے ذرائع کے مطابق گورنر محمد زبیر نے بل کی توثیق سے انکار پر اختلافی نوٹ بھی لکھا ہے جس کے بعد اسے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو بھیج دیا گیا ۔گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور نیب قانون کا خاتمہ عوامی مفاد سے متصادم ہے اس لئے نیب قانون کے خاتمے کے بل کی توثیق نہیں کی جاسکتی۔۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ بل پر از سر نو جائزہ لے کر دوبارہ بھجوایا جائے۔ عوامی مفادات کے خلاف قانون سازی نہ کی جائے۔دوسری جانب وزیر قانون سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا ہے کہ احتساب سے متعلق نیب کا متبادل بہتر قانون لارہے ہیں۔ بل دوبارہ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔واضح رہے کہ سندھ اسمبلی نے 3 جولائی کو نیب آرڈیننس کے خاتمے کا بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا جس کے تحت اب سندھ میں بدعنوانی پرکارروائی محکمہ اینٹی کرپشن کرےگا اور نیب کو کسی کارروائی کا قانونی اختیار نہیں ہوگا۔ وزیر قانون سندھ ضیا لنجار نے 3 جولائی کو نیب آرڈیننس 1999 سندھ منسوخی کا بل اسمبلی میں پیش کیا تھا جسے حکومت نے اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود منظور کرلیا تھا۔واضح رہے کہ اسمبلی کے قانون کے تحت اگر گورنر کسی بل پر دستخط نہیں کرتے اور اسے دوبارہ ایوان میں پیش کرنے پر ایوان سے منظوری مل جائے تو یہ قانون بن جائے گا۔
