اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے جو فراڈ کیا، سامنے لائیں گے، رپورٹ چیلنج کرنے کے لئے حکومتی قانونی ماہرین کو کچھ وقت درکار ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گفتگو سے لگتا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کا پتہ ہے، عمران خان 58 ٹو بی استعمال کر کے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ کو توہین عدالت میں عمران کو بلانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کھربوں روپے کے منصوبے لگائے کسی میں کرپشن نہیں ہوئی، نوازشریف کے ذاتی کاروبار کو پیش کیا جا رہا ہے۔ جے آئی ٹی نوازشریف کے خلاف کوئی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کر سکی، (ن) لیگ اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑی ہے۔
