لاہور (خصوصی رپورٹ) ینگ ڈاکٹرز نے 26جولائی کو لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔ جنرل ہسپتال میں صدر وائے ڈی اے پنجاب ڈاکٹر معروف وینس نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں علاج معالجہ بند کئے بغیر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز بیوروکریسی سے مایوس ہو چکے ہیں۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم شاہ مستعفی ہوں۔ اب ان کا مطالبہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ہے کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی سکیورٹی کے حوالے سے زیرو ٹالیرنس کے احکامات جاری کئے جائیں۔ ہر ڈی ایچ کیو کی سطح پر مخصوص شعبہ جات بنائے جائیں‘ تمام ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے فقدان کو پورا کیا جائے۔ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو معطل کیا جائے۔ علاوہ ازیں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے قائم 3کنی کمیٹی کو وائے ڈی اے نے مسترد کر دیا۔ صوبائی صدر ڈاکٹر معروف وینس نے کہا ہے کہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کو ہٹانے کا مطالبہ سرفہرست ہے۔ حکومت سیاسی قائدین پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرے۔ ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات پر غور کر کے قابل عمل سفارشات مرتب کرنے کیلئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی کمیٹی کے کنوینر قائم مقام وی سی پنجاب میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر ہوں گے۔ وی سی یو ایچ ایس ڈاکٹر جنید سرفراز خان اور شعبہ سرجری میوہسپتال کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کو کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر معروف وینس کا کہنا تھا کہ مطالبات منظور نہ ہونے پر وائے ڈی اے 26جولائی سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مظاہرے کرے گی اور اس دوران ہسپتالوں میں علاج معالجہ بند کئے بغیر لانگ مارچ کی صورت میں مظاہرے کریں گے۔
