اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو شامل نہ کرنا بہت بڑی ناانصافی ہے۔پیپلز پارٹی اس ناانصافی پر خاموش نہیں رہے گی۔ بدھ کے روز زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں گلگت بلتستان پیپلز پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پورے ملک میں ایک ہی دن عام انتخابات ہوں۔اس دن آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی انتخابات ہوں اس عمل سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ ملک مضبوط ہوگا اور جمہوری عمل مستحکم ہو۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو انتقام کا نشانہ بنانا بند کرے۔ نواز حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کیلئے کو بڑا منصوبہ نہیں دیا بلکہ ان منصوبوں کو بھی روک دیا ہے جو پیپلزپارٹی کی حکومت نے شروع کئے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز حکومت کو چار سال ہوگئے ہیں اس نے گلگت بلتستان کے عوام کو ریاست کے ثمرات سے محروم رکھ کر انتقام کا نشانہ بنایا ہے کیوں کہ گلگت بلتستان کے عوام قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو سے آج بھی پیار کرتے ہیں۔ 18اکتوبر کو کراچی میں شہید ہونے والوں کا تعلق گلگت بلتستان سے بھی تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں ضمنی انتخاب جیتنے پر پارٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے نہ صرف حکومتی اتحاد کا مقابلہ کیا بلکہ دھاندلی کو بھی روکا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو شامل کیا جائے۔ اجلاس میں صوبائی صدر امجد حسین،دیگر عہدیدار جمیل احمد،ظفر اقبال،عمران ندیم،سعدیہ دانش،محمد موسیٰ، محمد علی اختراور نئے منتخب ایم ایل اے جاوید حسین نے بھی شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی منشور کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ اپنی تجاویز مکمل کرکے اگست تک فراہم کریں۔ بدھ کوپیپلز پارٹی کی منشور کمیٹی کا اجلاس زرداری ہاوس اسلام میں میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ اجلاس میں سید نیئر حسین بخاری،سینیٹر فرحت اللہ بابر،سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمان،ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو،ڈاکٹر نفیسہ شاہ،سینیٹر صابر بلوچ، اخوند زادہ چٹان اورقادر شاہین شریک ہوئے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کو ہدایت کی کہ منشور میں عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار بھٹو شہید غربت عوام سے عشق کرتے تھے۔ انہیں موت کی کال کوٹھڑی میں بھی صرف عوام کی فکر تھی۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سیاست کا بنیادی مقصد غریب عوام کے بچوں کو بہتر مستقبل دینا تھا۔ وہ صرف اپنے ملک کے عوام کیلئے وطن واپس آئی تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ منشور میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کے مسائل کے حل لئے تجاویز دی جائیں۔
