لاہور( آن لائن، این این آئی) صوبائی دارالحکومت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے حق میں مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں۔ رکن پنجاب اسمبلی وحید گل کی قیادت میںسینکڑوں کارکنوں نے داروغہ والا سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی جس کے شرکاءسارے راستے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے، یونین کونسل 66میںبھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے شرکت کی ۔ رکن اسمبلی وحید گل کی قیاد ت میں نکالے جانے والی ریلی میںکارکن کاروں، ویگنوںاور موٹر سائیکلوں پرسوار تھے جس کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا ۔۔ کارکن اس موقع پر شیر شیر ،ایک واری فیر، قائد تیرا اک اشارہ حاضر حاضر لہوہمارا کے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وحید گل نے کہا کہ سازشی عناصر بھانپ چکے ہیں کہ آئندہ پانچ سال بھی انہیں اقتدار میسر نہیں آئے گا اور اسی بوکھلاہٹ میں انہوں نے ملک کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بیس کروڑ عوام کے دلوں میں بستے ہیں اقتدار کے لالچی اوچھے ہتھکنڈوں سے انہیں باہر نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے بلکہ انشا اللہ عوام کی طاقت سے آئندہ حکومت بھی بنائیں گے اور مخالفین کی ضمانتیں ضبط کر ادیں گے۔یونین کونسل 66میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی نتیجہ مختلف نہیں ہوگا۔ ہمارا چیلنج ہے کہ مقابلہ کرنا ہے تو سازشوں کی بجائے کارکردگی سے کرو تمہیں لگ پتہ جائے گا۔
