کراچی (شوبز ڈیسک)بین الاقوامی شہر ت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان سنگاپور کے 52 ویں نیشنل ڈے کے موقع پر سنگا پور میں لائیو میوزک کنسرٹ میں پرفارم کرینگے۔” صوفی میوزک فار پیس“ کے عنوان سے ڈاکٹر ایم سمارٹ گروپ نے کنسرٹ سجانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں جسے دی ٹریبیوٹ ٹور 2017 بیادگار استاد نصرت فتح علی خان کا نام دیا گیا ہے۔ مذکورہ شو 9 اگست کی شب پیش کیا جائیگا جس میں راحت فتح علی خان صوفیانہ کلام اور قوالیاں پیش کرینگے۔ واضح رہے 20 سال قبل سن ٹیگ کنونشن سنٹر سنگا پور میں استاد نصرت فتح علی خان کے ہمراہ راحت فتح علی خان قوالیاں و دیگر صوفیانہ کلام پیش کرچکے ہیں۔ شو کے ٹکٹ کی سیل شروع ہوچکی ہے راحت فتح علی خان امریکہ و یورپ کے دورے سے گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں انہیں کراچی میں بارش کی بناپر گزشتہ دنوں ہاکی سٹیڈیم میں لائیو میوزک کنسرٹ میں پرفارم کرنا تھا جو موسمی حالات کی بنا پر ملتوی کردیا گیا۔