پیانگ یانگ (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کی طرف سے امریکہ، جنوبی کوریا و دیگر مخالفین کو ایٹم بم سے اڑا دینے کی دھمکیاں تو دی جاتی رہتی ہیں لیکن اب شمالی کوریا پہلی بار ایسی تصاویر منظرعام پر لے آیا ہے جس نے اس کے مخالف ممالک کے نیندیں اڑا دی ہیں۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی طرف سے 200تصاویر جاری کی گئی ہیں جن میں اس کے ایٹمی ہتھیار دکھائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان تصاویر میں شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کو شروع سے آخر تک دکھایا گیا ہے کہ کیسے اس نے روسی ساختہ ہتھیاروں میں تبدیلیاں کرنے سے کام شروع کیا اور آج اپنا بین البراعظمی ایٹمی میزائل بنا چکا ہے۔ان تصاویر میں شمالی کوریا کے تمام ایٹم بموں اور ایٹمی میزائلوں کی تصاویر ہیں جن میں ان ہتھیاروں تیاری کے مراحل میں دکھایا گیا ہے۔جیمز مارٹن سنٹر کے تحقیق کار ڈیو سکیمرلر کا کہنا ہے کہ ”ان تصاویر میں شمالی کوریا کے بانی کم ٹو سنگ کے دور میں بننے والے ایٹمی ہتھیاروںکی تصویریں بھی شامل ہیں۔ان تصاویر کی مدد سے پہلی بار مغربی ممالک کو شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں ، ان کی تیاری کے مراحل اور سٹوریج کے اندرونی مناظر دیکھنے کا موقع ملا ہے۔“