واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے خاندان کی سیکورٹی کے اخراجات کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ تقریبا ہر ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر اپنے ذاتی مقامات پر وقت گزارنے کے لیے فلوریڈا ، نیوجرسی یا ورجینیا کا سفر کرتے ہیں۔فلوریڈا میں ٹرمپ کے اپنے ذاتی تفریحی مقام کے دورے پر30 لاکھ ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔گولف کلبوں کے دورے کے موقع پر صدر کی سکیورٹی کے لیے استعمال میں آنے والی صرف گولف کار پر ہی 60 ہزار ڈالر کے اخراجات ہو چکے ہیں۔سیکرٹ سروس کا ادارہ بھی ٹرمپ کے خاندان کے 18 افراد کو ان کے سفر کے دوران سکیورٹی کی خدمات پیش کرتا ہے خواہ یہ سفر کام سے متعلق ہو یا پھر تعطیلات کے حوالے سے۔سال کے اوائل میں کام کے حوالے سے 4 اسفار کے دوران ٹرمپ کے 2 بیٹوں ایرک اور ڈونلڈ جونیئر کی سکیورٹی پر 10 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔ رواں برس مارچ میں تعطیلات کے ایک سفر کے دوران ٹرمپ کے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے 100 سے زیادہ سکیورٹی اہل کار مامور کیے گئے جس پر کم از کم 1.65 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔البتہ اب تک کے سب سے زیادہ اخراجات ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا اور ان کے بیٹے بیرن کی سکیورٹی پر اس وقت ریکارڈ کیے گئے جب وہ نیویارک میں اپنے نجی گھر میں قیام پذیر تھے۔ اس کے علاوہ لوجسٹک مشقت علاحدہ رہی کیوں کہ جب بھی میلانیا اور ان کا بیٹا آمد و رفت کا ارادہ کرتے تو سیکورٹی وجوہات پر شہر کی کئی سڑکوں کو بند کرنا پڑتا تھا۔
