لاہور(آئی این پی)دورہ پاکستان کیلئے ورلڈ الیون میں شامل انٹرنیشنل کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین نجم سیٹھی کا پریس کانفرنس کے دوران بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون میں7ممالک کے کرکٹر ہوں گے جن میں 5 جنوبی افریقی، 2 ویسٹ انڈین اور 3 آسٹریلیا کے کرکٹر ہوں گے جبکہ ٹیم کی کپتانی فاف ڈوپلیسی کریں گے۔چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں میں فاف ڈوپلیسی(کپتان)، ہاشم آملہ، عمران طاہر، جارج بیلی، گرانٹ ایلوئٹ، پال کولنگ ووڈ، بین کٹنگ، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، تشارا پریرا، سیموئل بدری، ڈیرن سیمی، تمیم اقبال اور ٹم پائنے شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کی کوچنگ کے فرائض اینڈی فلاور سرانجام دیں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے، تمام غیرملکی پلیئر نے سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیاہے۔ تینوں میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دوسری جانب ایک نجی سپورٹس ویب سائٹ نے دعوی کیا ہے کہ انگلینڈ کے سابق آل رانڈر پال کالنگ ووڈ کو ورلڈ الیون میں شمولیت کیلئے 75 ہزار پاﺅنڈ کی پیشکش کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کالنگ ووڈ کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے دورہ پاکستان کیلئے ان سے رابطہ کیا تھا۔