لاہور: سابق کپتان کا کہنا ہے کہ خوش قسمت ہوں کہ قذافی اسٹیڈیم میں ہوم کراو¿ڈ کے سامنے کھیلنے کا موقع ملا۔
ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی تیاریاں دیکھ کر وقار یونس کو اپنا دور یاد آگیا ہے، ایک انٹرویو میں سابق کپتان نے کہا کہ 10سال سے ملکی میدان ویران ہیں، زمبابوے ٹیم کی آمد اور پی ایس ایل فائنل کے سوا کوئی سرگرمی قذافی اسٹیڈیم میں نظر نہیں آئی،اس میدان کی اپنی تاریخ ہے، ان خوش قسمت کھلاڑیوں میں سے ہوں جنہیں یہاں اپنے ہوم کراو¿ڈ کے سامنے کھیلنے اور داد سمیٹنے کا موقع ملا، میری کئی حسین یادیں اس گراو¿نڈ سے وابستہ ہیں، میرے لیے اس میدان کو دوبارہ آباد ہوتے دیکھنے کا تصور ہی بڑا خوشگوار ہے، پورے ملک کے عوام کرکٹ کی واپسی کا جشن مناتے نظر آئیں گے۔
وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کے شائقین انٹرنیشنل کرکٹ کو ترسے ہوئے اور اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کا بیتابی سے انتظار کررہے ہونگے۔ ورلڈ الیون کی آمد پر اسٹیڈیم چھوٹا پڑ جائے گا، پرستاروں کا جوش وخروش فضا میں رنگ بکھیر دے گا۔
سابق ہیڈ کوچ نے کہا کہ مہمان کرکٹرز،کوچز اور منیجمنٹ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں، مختلف ملکوں کے کھلاڑی ہمارا جوش وخروش اور خوشی دیکھنے کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کا ذریعہ بنیں گے، ہماری کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے،امید ہے کہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی آمد کے بعد دیگر غیر ملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔