اسلام آباد: (نیوز ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پاکستان کے اکنامک ہٹ مین ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں معیشت کا اتنا برا حال نہیں ہوا جتنا آج ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ دورِ حکومت میں جو ظلم معیشت کے ساتھ ہوا، وہ ہمارا دشمن بھی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی تاریخ میں معیشت کا اتنا برا حال نہیں ہوا جتنا آج ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملکی معیشت پر بہت ظلم کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا قرضہ نہیں لیا گیا اور نہ ہی اتنی کم سرمایہ کاری کبھی آئی۔ بنگلا دیش اور بھارت کی برآمدات بڑھتی جا رہی ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کا موازنہ مشرف اور زرداری سے کیا جائے تو ان کے ادوار میں زیادہ سرمایہ کاری آئی۔ چھوٹا سا طبقہ امیر اور عوام غریب سے غریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری نہ آنے کی وجہ کرپشن ہے۔ برآمدات اور درآمدات میں 30 ارب ڈالرز کا فرق آیا۔ اسحاق ڈار پاکستان کے اکنامک ہٹ مین نکلے ہیں۔ نیب ریفرنس کے بعد انھیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے بہت ترقی کی اور ججز نے ان کا نکال دیا۔عمران خان نے کہا کہ سی پیک کے باجود ملک میں سرمایہ کاری کم ہوئی، آج نوجوانوں کی بڑی تعداد بے روزگار ہے۔ گردشی قرضے بھی بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں اس وقت سب سے زیادہ انرجی بحران ہے۔ حکمرانوں نے بجلی کی قیمت تک دگنی کر دی۔ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں دن بدن غربت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔