لاہور : سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اچانک وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں لاہور کے حلقہ این اے 1120 کے ضمنی انتخاب کے نتائج سے متعلق بات چیت کی گئی ۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مسلم لیگ ن کے پارٹی امور سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز آرمی چیف سے ہوئے رابطے سے متعلق سابق وزیر داخلہ کو آگاہ کیا ۔ملاقات میں چوھدری نثار علی خان نے مختلف حلقوں سے ہوئے روابط کے بارے میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں میں یہ ملاقات اچانک ہوئی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اس ملاقات میں چودھری نثار علی خان کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اہم اور خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔واضح رہے کہ شہباز شریف کی لندن روانگی سے قبل بھی چودھری نثار علی خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے نواز شریف کو شہباز شریف کے ہاتھوں مبینہ طورپر ایک پیغام بھجوایا تھا ۔
