لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری کا آغاز کردیا ہے ، ایل ڈی اے کے پلاٹوں کی غیر قانونی منتقلی کے حوالے سے تحقیقات میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاوہ 13بیورو کریٹس اور دیگر اہم شخصیات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور سابق وزیر اعظم کو29ستمبر کو نیب لاہور میں طلبی کا نوٹس بھی ارسال کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایل ڈی اے کے پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے تحقیقات کے لئے 29ستمبر کو طلب کر لیا ہے۔یہ انکوائری بد عنوانی کے الزامات کے تناظر میں کی جارہی جبکہ نیب لاہور نے اس حوالے سے سی سی پی او لاہور کو خط لکھ دیا ہے ،یہ خط نیب اہلکار ثنائ خلیل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ساتھ دیگر13افراد کی نیب لاہور میں حاضری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔نیب لاہور نے ایل ڈی اے پلاٹوں کے حوالے سے سابق وزیر اعظم سے تحقیقات کے لئے محسن سلطان کو تفتیشی افسر مقرر کیا ہے۔سابق وزیر اعظم کے علاوہ جن دیگر افراد کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ان میںچوہدری عبد الرحمان ، سید فرید الدین، معظم علی ، محمد اشفاق، احسان الحق ، سید حسنات احمد، کرنل (ر) غضنفر علی، محمد خان ، محمد جاوید ، محمد سرور ، رکن الدین، ناظم علی شاہ اورخالد اختر شامل ہیں۔ خط میں سی سی پی او کو کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ ایس ایچ اوز کو پابند کریں کہ وہ ان تمام افراد کی نیب لاہور میں حاضری کو یقینی بنائیں۔